فیض آباد،24جولائی(ایس او نیوز؍ایجنسی)دوارکا پیٹھ کے شنکراچاریا سوروپانند سرسوتی کا کہنا ہے کہ بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کا مقصد ایودھیا میں مندر کی تعمیر کرانا نہیں ہے بلکہ وہ رام مندر کے نام پر اقتدار پر قابض ہونا چاہتی ہے۔بی جے پی کی کوشش ہے کہ آئندہ انتخابات میں رام مندر کا سہارا لے کر پھر سے اقتدار تک پہنچا جائے۔
گزشتہ روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مندر کی تعمیر کے نام پر بی جے پی عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔اس پارٹی کا مقصد مندر تعمیرکرنے کے بہانے اقتدار پر بنے رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مندرکی تعمیر کرنا کسی پارٹی کا کام نہیں ہے اور مندر تعمیرکوئی بھی پارٹی حکومت میں رہتے نہیں کر سکتی۔ان کے مطابق رام مندر کی تعمیر سپریم کورٹ کے حکم سے ہی ہو سکتی ہے یا پھر سادھو سنت مل کر مندر تعمیر کرا سکتے ہیں۔سوروپانند سرسوتی نے تحریک عدم اعتماد کے دوران پارلیمان میں دی گئی راہل گاندھی کی تقریر کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا’’ راہل گاندھی نے بہت اچھی باتیں کہیں۔
لوک سبھا میں راہل نے پپو کہنے کی مخالفت نہیں کی بلکہ بی جے پی کی پالیسیوں کے خلاف مخالفت کی۔ نریندر مودی آئے دن کہتے ہیں کہ وہ چھوٹی ذات کے ہیں لیکن وہ کہیں سے چھوٹی ذات کے نہیں لگتے۔‘‘راہل گاندھی کی طرف سے مندر۔مسجد جانے کے سوال پر سوامی نے کہا’’ یہ دکھاوے کا کام تو نریندر مودی بھی کرتے ہیں۔ہم تو یہ جانتے ہیں کہ جو ہندو دھرم کو مانتا ہے وہی ہندو ہے اور اگر کوئی مسلمان ہندو دھرم کو مانتا ہے تو وہ ہمارا ہندو پنتھی مسلم بھائی ہے۔‘‘ملک میں گؤرکشا کے نام پر ہو رہی ماب لنچنگ پر شنکراچاریا نے کہا کہ نریندر مودی کو نوٹ بندی کی طرح ہی ملک سے گائے کی درآمد پر روک لگانے کا حکم جاری کرنا چاہئے۔ ریزرویشن کے مدعے پر انہوں نے کہا’’سب کا ساتھ سب کا وکاس کہاں ہے؟آج روحانیت کو تعلیم سے علاحدہ کر دیا گیا ہے جس کے سبب آبروریزی کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔‘‘